ایک نیوز: تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اپنی نظربندی کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے تین ایم پی او کےتحت نظر بندی کو چیلنج کردیا گیا ہے۔چوہدری پرویز الہی نے اپنے وکیل عامر سعید راں کےتوسط سے درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں ایف آئی اے، نیب، اینٹی کرپشن، آئی جی پنجاب،آئی جی جیل،ڈی سی لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی دہشت گردی کےمقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور کی۔عدالت نے کسی بھی نامعلوم اور خفیہ مقدمےیا زیرالتواء انکوائری میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔جیل حکام نےروبکار ملنے کےباوجود رہائی کی بجائے غیر قانونی طور پر حبس بیجا میں رکھا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ غیرقانونی اقدام کو قانونی ظاہر کرنے کےلئے ڈی سی لاہور نے نظر بندی کا حکم جاری کردیا۔عدالتی حکم کےبعد ڈی سی کانظر بندی نوٹیفیکیشن عدالتی فیصلے پر اثرانداز ہونے کےمترادف ہے۔درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ڈی سی لاہور کا پرویز الہی کو نظر بند کرنے کانوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔