ایک نیوز: چونیاں میں دریائے ستلج میں طغیانی نے تباہی مچادی۔ کوٹھی فتح محمد، شہباز کے پتن اور چھبر کے میں سینکڑوں ایکٹر زرعی اراضی تباہ ہوگئی۔قصور میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیاگیا۔
تیز پانی کے بہاؤ میں مقامی آبادی کے مال کے ساتھ جانوروں کا چارہ بھی بہہ گیا۔ جس سے ان کی مشکلات میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔ پانی کے کٹاؤ سے علاقے کی سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
زیادہ تر افراد کے پاس اشیاء خوردونوش نہ ہونے کے برابر ہیں اور مقامی آبادی کو کسی محفوظ مقام پر بھی منتقل نہیں کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے گھروں میں پانی آجانے کی وجہ سے لوگ درختوں پر بیٹھے مدد کے منتظر ہیں۔
مقامی آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کوٹھی فتح محمد کے مقام پر فرضی امدادی کیمپ لگا کر خانہ پری کردی گئی ہے جبکہ عام عوام کو اس کیمپ سے کوئی ریلیف نہیں ملا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک قصور میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقوں سمیت ستلج میں بھی پانی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے ۔ ستلج میں تاحال 2 روز سے پانی کی سطح مسلسل برقرار ،پانی کا بہاؤ بھی گنڈا سنگھ والا کے مقام پر تاحال 20 ہزار کیوسک پر برقرارہے۔