ایک نیوز: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 2 روزہ دورے میں ایرانی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی ایران کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مؤثرتعاون پر اتفاق کیا گیا۔
پاک ایران فوجی سربراہان نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے اور دونوں ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کی عسکری قیادت نے انٹیلی جنس شیئرنگ آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہ سے بھی ملاقات کی جن میں علاقائی امن کیلئے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف کو ایرانی افواج کے دستے نے ملٹری ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔