ایک نیوز نیوز: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بلا خوف انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کے انتظامات کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈے پر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی درخواست پرسول آرمڈ فورسز کو تمام انتخابی حلقوں میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ انتہائی حساس انتخابی حلقوں میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ رینجرز اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کے علاوہ پاک فوج بھی انتخانی حلقوں میں بطورکوئیک ریسپانس فورس فرائض سرانجام دے رہی ہے، وزارت داخلہ میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے جو انتخابی حلقوں میں سکیورٹی صورت حال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں بلا تاخیر ریسپانس کریں گے۔