زرعی انقلاب کیلئے روڈ میپ تیارکرلیا،عوام کو ریلیف دیں گے،جہانگیرترین   

Jan 17, 2024 | 17:50 PM

ویب ڈیسک :سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کاکہنا ہے کہ زرعی انقلاب کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا،عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کریں گے۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کی لودھراں میں انتخابی مہم جاری ،متعدد سابق چیئرمین ، وائس چیئرمین ، کونسلرز، سیاسی شخصیات نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جہانگیرترین کالودھراں میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 8 فروری کو کوئی کارکن گھر نہ بیٹھے۔8 فروری فیصلے کا دن، لوگ گھروں سے نکلیں اور عقاب پر مہر لگائیں۔ پاکستان اس وقت آزمائش سے گزر رہا ہے، معیشت کی حالت اچھی نہیں۔ہماری پارٹی کا منشور ہے کہ معیشت کو بہتر سے بہترین بنانا ہے۔انشاء اللہ حکومت میں آکر لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔زراعت میں انقلاب لانے کے لئے روڈ میپ تیار کر چکے ہیں۔اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو لودھراں, صوبے اور ملک کی خدمت میں دن رات ایک کرونگا۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کاکہنا تھا کہ آئی پی پی اشرافیہ کی بجائے غریب عوام کو ریلیف دے گی۔ہماری حکومت بنی تو وہ عوام کی حکومت ہوگی ۔لودھراں میں میرے دیے ہوئے کئی  منصوبوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔اگر میرے مخالفین سیاسی انتقام میں نہ جلتے تو آج لودھراں کی حالت مختلف ہوتی۔سب سے پہلے میری سیاسی مخالفت میں روکے گئے  منصوبے مکمل کراؤں گا ۔

جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ میرے مخالفین کے پاس سوائے کھوکھلے نعروں، الزامات کے علاوہ اور  کچھ نہیں۔بدقسمتی سے لودھراں کے روایتی سیاست دان اسمبلی میں جاکر یہاں کے عوام کو بھول جاتے ہیں ۔عوام سے وعدہ ہے انکو اپنے علاج کے لیے لودھراں سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔لودھراں میں تعلیمی اداروں کو جدید اور  مثالی بنائیں گے ۔

مزیدخبریں