ویب ڈیسک: پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوگئی ہے جس کے بعد ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ ہفتے اقتصادی جائزے کی منظوری کے ساتھ اسٹاف سطع کے معاہدے اور اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 1.9 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوچکی ہے جبکہ اگلے اقتصادی جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی صورت میں آخری اقتصادی جائزے کے بعد پاکستان کو مزید 1.1 ارب ڈالر ملیں گے جس کے لیے اگلے ماہ مذاکرات ہونا ہے۔
آئندہ عام انتخابات کے باعث مذاکرات کا شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے، پروگرام کے تحت قرضے کی آخری قسط اپریل میں موصول ہونا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ گزشتہ سال 15 نومبر کو طے پایا تھا۔ پاکستان 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 1.2 ارب ڈالر پہلے ہی حاصل کرچکا ہے۔