ویب ڈیسک: سابق وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ چوتھی بار وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے کے پاس منشور تک نہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سانگڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیر بلی بن کر گھر میں چھپ گیا، وہ کسی اور سے الیکشن جتوانے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ الیکشن 8 فروری کو ہیں لیکن سانگھڑ نے فیصلہ آج ہی سنا دیا ہے، شیراور تیر کےدرمیان الیکشن ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ چوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کرنے والے کے پاس منشور تک نہیں، میں دائیں بائیں نہیں دیکھتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، اس بار مجھے پچھلے الیکشن سے بھی زیادہ نشستیں دلائیں، کراچی اور حیدر آباد سے قومی اسمبلی کی نشستیں جیتیں تو جیالا وزیراعظم ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ یہ وہ شیر ہے جو کسانوں کا خون چوستا ہے، آپ جتنی طاقت مجھے دیں گے میں اتنی طاقت سے آپ کا کام کروں گا، ن لیگ پنجاب میں شیر سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑرہی ہے، باقی جماعتیں امیروں کی نمائندگی کرتی ہیں لیکن پیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چوتھی بار وزیراعظم مسلط ہونے والے سے اس کا منشور پوچھیں، کوئی جیل جانے سے بچنے اور کوئی جیل سے باہر آنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں جتوائیں گے تو سندھ کا چہرہ تبدیل کر دیں گے، پہلا وعدہ ہے کہ عوام کی آمدن دگنی کریں گے، وعدہ ہے 300 یونٹ تک سولر کے ذریعے مفت بجلی دلاؤں گا، کسانوں کو فصلوں کی انشورنس دلوائیں گے، 17وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب بچا کرعوام پرلگائیں گے۔