نوازشریف اور شہباز شریف کی کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ چیلنج

Jan 17, 2024 | 14:53 PM

ایک نیوز: قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ ایک مرتبہ پھر لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قائد ن لیگ نواز شریف کے کاغذات منظوری کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا ہے۔ درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دائر کی۔

درخؤاست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف حلقہ این اے 130 لاہور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ نواز شریف سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں اور سپریم کورٹ حملہ کیس عدالت عظمیٰ میں زیر التوا ہے۔ ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس نواز شریف کے کاغذات منظور کئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

شہبازشریف کی کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ چیلنج:

سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست داٸر کردی گئی ہے۔ یہ درخواست بھی شہری شاہد اورکزٸی کی جانب سے داٸر کی گٸی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث ہیں۔ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے کے ماسٹر ماٸنڈ ہیں۔ ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی منظور کیے جو قانون کے خلاف ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کاغذات نامزدگی منظوری کو کالعدم قرار دے اور  شہباز شریف کو الیکشن لڑنے سے روکے۔

مزیدخبریں