پاکستان تحریک انصاف کی ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت

پاکستان تحریک انصاف کی ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت
کیپشن: پاکستان تحریک انصاف کی ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق تحریک انصاف نے پاکستان کی سالمیّت،سلامتی اور دفاع کے تحفّظ میں ناکامی پرغیرمنتخب اور زائدالمیعاد حکومت سے فوری وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف   کاکہنا ہے کہ بھارت اور افغانستان کے بعد ایران سے تعلقات میں سنگین بگاڑ نہایت تشویشناک اور ناکام ترین خارجہ و دفاعی پالیسی کا شاخسانہ ہے،حملے کے حوالے سے ایران کے ہمنوا غیرملکی عناصر بشمول حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے دعوے شدید شبہات کو جنم دے رہے ہیں۔

 ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ فروری 2019 میں ازلی دشمن بھارت نے پاکستان کی زمینی و فضائی حدود پامال کرنے کی کوشش کی تو عوام کے منتخب وزیراعظم عمران خان نے بھرپور سیاسی قیادت فراہم کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، زمامِ اقتدار عوام کی منتخب قیادت کے ہاتھ میں ہوتی تو کسی کو پاکستان کی سالمیّت اور خودمختاری کی جانب کسی کو میلی آنکھ اٹھانے کی جرات نہ ہوتی، منتخب جمہوری حکومت کی عدم موجودگی میں داخلی عدم استحکام اور معیشت کے بعد پاکستان کی سالمیت، سلامتی، دفاع اور خودمختاری پر خطرات کے بادل ہر پاکستانی کیلئے نہایت تشویش کے باعث ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف  نے کہا کہ  ایران نے اپنے اس اقدام سے مسلم اُمّہ کو درکار ناگزیر اتحاد و یگانگت کے امکانات کو تباہ کرنے کی نہایت افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور نہایت قابلِ مذمّت کوشش کی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف  کا مزید کہنا ہے کہ ایران کے بلااشتعال حملے کے متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔