انتخابی مہم کیلئے مسلم لیگ ن کا بیانیہ تیار، جلسوں کا شیڈول جاری

انتخابی مہم کیلئے مسلم لیگ ن کا بیانیہ تیار، جلسوں کا شیڈول جاری
کیپشن: انتخابی مہم کیلئے مسلم لیگ ن کا بیانیہ تیار، جلسوں کا شیڈول جاری

ایک نیوز: انتخابی مہم کیلئے مسلم لیگ ن کا بیانیہ تیار کر لیا گیا،ن لیگ نے قائدین کے جلسوں کا شیڈول بھی جاری کردیا، مسلم لیگ ن ’’اچھے دنوں کے آغاز کو‘‘ ،’’ووٹ پھر نواز کو ‘‘ کا بیانیہ لے کر چلے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے انتخابی بیانیے کی منظوری:

پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے آئندہ عام انتخابات کے لئے پارٹی کے انتخابی بیانیے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ لیگی قیادت نے پارٹی کی معاشی ٹیم کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد انتخابی بیانیے کی منظوری دی۔ لیگی قیادت کی انتخابی مہم میں اب تک نہ اترنے کی وجہ بھی سامنے آ گئی۔ 

قیادت زمینی حقائق پر مبنی معیشت بحالی کا روڈ میپ لے کر انتخابی مہم میں اترنا چاہ رہی تھی۔ پارٹی کے معیشت بحالی کے روڈ میپ کی منظوری کے بعد پارٹی بھرپور انتخابی مہم کے لئے مکمل تیار ہوگئی۔ نواز شریف کل حافظ آباد جلسے میں پارٹی کے انتخابی بیانئے کے نکات کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ 

نواز شریف انتخابی بیانیے میں معاشی بحالی کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔ مریم نواز بھی قائد نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جلسے میں جائیں گی۔ پارٹی کے انتخابی بیانئے کے 3 بنیادی نکات ہوں گے۔ 

·       اقتدار ملنے کی صورت میں پہلے 3 ماہ میں ہی عوام کو بجلی و گیس سمیت بھاری یوٹیلیٹی بلوں میں فوری ریلیف دیا جائے گا۔

·       معیشت کی فوری بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔

·       معیشت بحالی میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز میں اہداف طے کر کے ترجیحات کے مطابق فوری نتائج حاصل کئے جائیں گے۔

·       بیمار اور لاغر معیشت کی بحالی کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ جات کا اعلان کیا جائے گا۔

·       شارٹ ٹرم منصوبے کے تحت عوام کو فوری ریلیف کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

·       لانگ ٹرم منصوبے کے تحت قوم کو مہنگے غیرملکی قرضوں سے نجات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ 

·       انتخابی بیانیے میں نواز شریف کے سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

·       انتخابی بیانیے میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے امید جگائی جائے گی۔ 

·       پی ٹی آئی دور حکومت کی ناکامیوں کو بھی انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا۔

·       ""ووٹ کو عزت دو"" اور ""شیر کو ووٹ دو"" کو انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا۔

·       ""پاکستان کے لئے"" بھی انتخابی بیانیے کا واضح نعرہ ہو گا۔

·       "" پاکستان کو نواز دو"" انتخابی بیانیے کا بنیادی نعرہ ہو گا۔

 مسلم لیگ ’’ن ووٹ کو عزت دو‘‘ اور ’’ملکی خدمات پر ووٹ دو‘‘ کا سوال بھی لے کر چلے گی، شیڈول کے مطابق قائد نواز شریف 10،شہباز اور مریم 9 بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔

نواز شریف 20 جنوری کو لیہ، 22 جنوری کو مانسہرہ، 24 جنوری کو ننکانہ، 26 جنوری کو وہاڑی، بورے والا اور پاکپتن 28، جنوری کو ڈسکہ، 30 جنوری کو بہاولنگر ہارون آباد میں سیاسی پاور شو کریں گے۔

قائد مسلم لیگ ن یکم فروری کو سوات، 3 فروری کو سرگودھا اور سیالکوٹ 4 فروری کو مری ،5 فروری کو گوجرنوالہ ،6 فروری کو لاہور میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

شہباز شریف لاہور، قصور، احمدپور، منڈی بہاوالدین میں سیاسی مہم چلائیں گے اورراولپنڈی، راجن پور، سیالکوٹ ، ملتان میں پاور شو میں پارٹی بیانیہ بتائیں گے۔

مریم نواز خانیوال، لاہور، پشاور، حویلیاں اور راولپنڈی، منڈی بہاوالدین، نارووال اور فیصل آباد میں جلسے کریں گی۔ 

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن قائد نواز شریف کل سے پارٹی کی انتخابی مہم چلانا شروع کرینگے،قائد نواز شریف کل حافظ آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرینگے،چیف آرگنائزر مریم نواز بھی قائد نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جلسے میں شرکت کرینگی،نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 67 میں امیدوار سائرہ افضل تارڑ کے انتخابی جلسے میں شرکت کرینگے،21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبالی جلسے کے بعد نواز شریف پہلی بار کسی عوامی جلسے میں شرکت کرینگے،نواز شریف پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران کم و بیش 12 سے 15 انتخابی جلسوں سے خطاب کرینگے۔