ایک نیوز: ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر مخصوص سیاسی جماعت مذمت کی بجائے بھارتی سوشل اکاؤنٹس کے ساتھ ملکر ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے لگی۔
گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملہ کیا گیا جس میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین معصوم بچیاں زخمی ہوئیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے ایرانی اقدام کی بھرپور انداز میں مذمت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
تاہم ایران کے طرف سے کوئی بھی یکطرفہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ جس کی ساری ذمہ داری ایران پر ہوگی۔ اس حوالے سے ایرانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دوسری طرف پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کی بجائے ایک مخصوص سیاسی جماعت اس حملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے اور گزشتہ رات سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بھارتی اکاؤنٹس کے ذریعے ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے اور من گھڑت پروپیگنڈہ مہم شروع کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حملے کا جواز پیدا کرنے کےلئے جیش العدل نامی ایک تنظیم کی جانب سے فیک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہے جبکہ اس حملے کی ذمہ داری ایرانی حکومت، انقلابی گارڈز اور ایران انٹیلیجنس پر عائد ہوتی ہے۔ جو متعدد رابطے کے چینلز موجود ہونے کے باوجود ایسے اقدام کر رہی ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔