کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

Jan 17, 2024 | 11:39 AM

ایک نیوز: رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر گارڈن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان نور محمد اور عیسیٰ کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نے ٹمبر مارکیٹ لیاری کے دکاندار سے 5 لاکھ بھتہ طلب کیا تھا۔ آئرن سٹور کے مالک کو واٹس ایپ کے ذریعے کال کی گئی تھی۔ ملزم نے خود کو وصی اللہ لاکھو ظاہر کیا تھا۔ 

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کی 50 ہزاربھتہ دینے پر بات طے ہوگئی۔ ملزمان نے آئرن سٹور کے مالک کو اس کے ملازم کے ہاتھوں رقم بھیجنے کا کہا۔ اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز سندھ نے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ جدید تکنیکی ذرائع کے استعمال سے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے مزید اہم انکشاف کیا۔ ملزمان کو بھتہ وصولی کی رقم لینے کے لیے ایران سے ہدایات دی جا رہی تھیں۔

ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ملزم عیسیٰ کا خاندان گزشتہ 3 سال سے ایران چاہ بہار میں رہائش پذیر ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں