ایک نیوز: شکریہ متحدہ عرب امارات شکریہ،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای ٹیم کے اراکین نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی یو اے ای کی ٹیم کے اراکین کی نشستوں پر گئے، مصافحہ کیااور فرداً فرداً سب کاشکریہ ادا کیا۔
ملاقات کرنے والوں میں متحدہ عرب امارات این سی ایم ٹیم کے کلاؤڈ سیڈنگ کے سربراہ احمد الکمال، پائلٹ کرنل عبیدحلاف، پائلٹ مائیکل اینسٹس، کلاؤڈ سیڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عبداللہ الحامان اور آرنلڈ ننگالہ اورورگلوٹولیڈولاٹو شامل تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یو اے ای کے ٹیم کے تمام اراکین کو تعریفی سرٹیفیکٹ اور یادگاری شیلڈز دیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسانے پر یو اے ای کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ لاہور سمیت پورا پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا۔ گزشتہ12سال سے لاہور سمیت پنجاب میں مصنوعی بارش کے لئے کوششیں کی جارہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ملکی تاریخ کی پہلی مصنوعی بارش برسانے پرپاکستان کا ہر شہری خوش اور پرجوش تھا۔ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں لاہورکی پہلی مصنوعی بارش کو سراہا گیا۔ یو اے ای ٹیم کے اراکین کانام تاریخ کا حصہ بن چکاہے۔ خواہش تھی کہ دوبارہ مصنوعی بارش ہوتی مگرموسم نے ساتھ نہیں دیا۔
نگران وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے لاہور میں 2ماہ قیام کیا،یہ بھائی چارے اور ہمارے باہمی تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بہتر پیداوار کے لئے مصنوعی بارش بہترین ٹیکنالوجی ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو پرتپاک انداز میں وزیراعلیٰ آفس سے رخصت کیا اور ایک بار پھر ان کاشکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری ماحولیات،چیف میٹرولوجسٹ، آرمی ایوی ایشن افسران، انوائرمنٹ پروٹیکشن حکام،ڈائریکٹر انوائرمنٹ پروٹیکشن، کمشنر لاہور او ردیگر حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔