ایک نیوز: اسمگلنگ کے خلاف حکومتی کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم ستمبر سے اب تک جاری کریک ڈاوٴن میں 9249.41 میڑک ٹن چینی، 202 میٹرک ٹن آٹا، 2661.01 میٹرک ٹن کھاد ، 205176 سگریٹ سٹاکس، 19034 کپڑے کے تھان اور 2.37 ملین لیٹر ایرانی تیل برآمد کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کی معاشی حالت کی بہتری اور غیر قانونی طریقوں سے کی جانے والی تجارت کو روکنے کے لئے حکومتی سطح پر مربوط حکمت عملی بنائی گئی۔ اس حوالے سے ستمبر 2023 سے حکومتی احکامات کے تحت ملک بھر میں اسمگلرز کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
7 جنوری تا 15 جنوری کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں جاری انسدادِ اسمگلنگ آپریشنز میں برآمد کئے جانے والی سمگل شدہ اشیاء میں ایرانی تیل، کھاد، سگریٹ، کپڑا اور چینی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ملک بھر سے کل 10.88 میٹرک ٹن چینی، 550 سگریٹ کے سٹاکس، 595 کپڑے کے تھان اور 0.12 ملین لیٹر ایرانی تیل برآمد کیا گیا، ملتان سے 160 سگریٹ سٹاکس، 90 کپڑے کے تھان جبکہ کراچی سے 502 کپڑے کے تھان برآمد کئے گئے، متعلقہ حکومتی اداروں نے پشاور سے 0.45 میٹرک ٹن چینی، 70 سگریٹ سٹاکس اور 3 کپڑے کے تھان برآمد کئے گئے۔ کوئٹہ سے 10.43 میٹرک ٹن چینی اور 320 سگریٹ سٹاکس برآمد کئے گئے ہیں۔
یکم ستمبر سے اب تک ملک بھر سے اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاوٴن میں 9249.41 میڑک ٹن چینی، 202 میٹرک ٹن آٹا، 2661.01 میٹرک ٹن کھاد ، 205176 سگریٹ سٹاکس، 19034 کپڑے کے تھان اور 2.37 ملین لیٹر ایرانی تیل برآمد کیا گیا۔
نگران حکومت، عسکری قیادت اور متعلقہ حکومتی ادارے ملک بھر سے اسمگلنگ جیسے ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔