ایک نیوز: بلوچستان کے علاقے ہنہ اورک میں مقامی قبائلی عمائدین اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے مابین جرگے کا انعقاد کیاگیا۔ جرگے میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، کمشنر کوئٹہ سمیت سول انتظامیہ، مقامی قبائلی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سیلاب کے بعد بحالی کے مختلف منصوبوں اور ترقیاتی کاموں پر بات چیت ہوئی۔ شرکاء نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا اور امن قائم کرنے میں پاک فوج اور ایف سی کے کردار کو سراہا۔
ہنہ اورک کمیٹی ممبران نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں سیلاب کے بعد بہت نقصان ہوا تھا۔ ایف سی بلوچستان نے ہمیں امدادی سرگرمیوں میں بہت مدد فراہم کی۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کی کوششوں سے ہمارے علاقے میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ان منصوبوں میں ہنہ اورک اور ولی تنگی ڈیم روڈ کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے، صحت اور تعلیم کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔ ان ترقیاتی اور بحالی کے کاموں پر کام چل رہا ہے اور ان کی تکمیل سے مقامی لوگوں کی زندگی میں آسانی آئے گی اور لوگوں کو مزید سہولیات ملے گی۔
جرگے سے آئی جی ایف سی (نارتھ) نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی امن و امان قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے ساتھ ہر شعبہ زندگی میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ ولی تنگی ڈیم کو جانے والا روڈ ایف سی کی جانب سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اسکا 80 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
جرگے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں مقامی لوگ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس جرگے سے سول و ملٹری تعاون مزید بڑھے گا۔