بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کوناکام بنائیں گے،آرمی چیف 

 بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کوناکام بنائیں گے،آرمی چیف
کیپشن: Efforts to destabilize Balochistan will fail, Army Chief

ایک نیوز : چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر نے دورہ خضدار کے موقع پر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاری پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور  پرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بلوچستان پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے پرتپاک استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاری پر زور دیا۔

جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی دشمنوں کے بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، اسی لیے صوبے میں فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔