ایک نیوز :وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت نہ بڑھانے سے قومی خزانے پر بوجھ پڑ رہا ہے.نئے ذخائر کی دریافت تک ہم نئے کنکشنز نہیں دیں گے۔
سینیٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات پر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی رائلٹی اور سرچارج فارمولے کے تحت دیتے ہیں۔ ملک میں مجموعی طور پر 3200 ملین کیوبک فٹ پر ڈے (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس پیدا ہوتی ہے جس میں سے 1600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں آتی ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 700ایم ایم سی ايف ڈی براہ راست بجلی کے کارخانوں کو جاتی ہے۔چولہےجلانے کے لئے ملک میں 1400ایم ایم سی ایف ڈی گیس چاہیے۔ رواں سال صورت حال خراب ہونے کے باوجود خيبر پختونخوا میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ اوگرا نے گیس مہنگی کرنے کی تجویز دی تھی لیکن مہنگائی کی وجہ سے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی ۔عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈال رہے، مناسب وقت میں گیس کی قیمت بڑھانی ہوگی۔