پرویز الہیٰ 10 سیٹوں پر وزیراعلیٰ بن سکتا ہے تو میئر کراچی بھی ہمارا ہوگا، سعید غنی

Jan 17, 2023 | 16:19 PM

ایک نیوز: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ  اگر پرویز الہیٰ 10 سیٹوں پر وزیراعلیٰ بن سکتا ہے تو میئر کراچی بھی ہمارا ہوگا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کوئی قیامت نہیں آگئی ، اگر آئی ہے تو فائدہ جماعت اسلامی کا ہی ہوا ہے ہمارا نہیں، جماعت اسلامی الیکشن کے نتائج تسلیم کرے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ  حافظ صاحب ! خود کو میئر سمجھ بیٹھے ہیں تو کوئی بری بات نہیں. لوگ کہتے ہیں کراچی سے پیپلز پارٹی نمبر ون کیسے آئی، ہم بھی تو جماعت اسلامی کی کامیابی کو ہضم کر رہے ہیں، وہ بھی پیپلز پارٹی کی کامیابی کو ہضم کریں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ نتائج تبدیل کرنا آسان ہوتا تو سب سے پہلے اپنے بھائی کو جتواتا، ہم نے اس ہار کو تسلیم کیا ہے۔ سب سے زیادہ تاخیر سے انتخابی نتائج لانڈھی ٹاؤن سے آئے ، وہاں کی 9 کی 9 سیٹوں پر جماعت اسلامی جیتی۔

سعید غنی نے کہا کہ ضلع وسطی کی 42 سیٹیں جماعت اسلامی اور 3 پیپلز پارٹی نے جیتیں، کورنگی کی 37 نشستوں میں سے 34 پر انتخابات ہوئے اور جماعت اسلامی نے 19 جیتیں جب کہ 4 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی، ملیر اور کیماڑی سے کامیاب ہوئی، یہ تینوں علاقے پیپلز پارٹی کے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو توقع سےکم سیٹیں ملی ہیں، جماعت اسلامی نے توقع سے زیادہ سیٹیں لی ہیں، پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ بتدریج ہوا ہے، پیپلز پارٹی نشستیں حیرت انگیز نہیں، انتخابی نتائج کا حیرت انگیز نتیجہ جماعت اسلامی کا ہے، جن جگہوں پر جماعت اسلامی کو نتائج پر اعتراض ہے وہ اس پر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

سعید غنی نے کہا کہ شہر نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا ہے، شہر کے مفاد میں ہوگا کہ ہم ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں اور آگے بڑھیں، ہم جماعت اسلامی سے بات کرنے کو تیار ہیں، کوشش کرنے پر کوئی پابندی نہیں، ایک نشست جیتنے والی جماعت بھی میئر لانے کی کوشش کرسکتی ہے، ہم تو پہلے نمبر پر آنے والی جماعت ہیں، ہم کوشش کریں گے اور انشاء اللہ ہماری کوششیں کامیاب ہوں گی۔

مزیدخبریں