ایک نیوز: سی ویو پر لڑکی کی لاش ملنے کے واقعے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 2 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ملزمان شان سلیم اور وقاص کو پیش کیا گیا۔ پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ متوفیہ کا مبینہ موبائل فون ملزم وقار کے گھر سے برآمد کرلیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے مکینیک کو بولا کر موبائل سے شواہد مٹانے کی کوشش کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
اس پر ملزم کے وکیل خواجہ نوید نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مزید ریمانڈ نہ دیا جائے کیونکہ پولیس کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں۔ عدالت نےدلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسے تھوڑی دیر بعد سنادیا گیا۔
عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ ساحل میں درج ہے۔