جامعہ کراچی کے انٹری ٹیسٹ میں 71 فیصد طلبا فیل

Jan 17, 2023 | 15:22 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: جامعہ کراچی میں داخلے سے قبل کیلئے لیے گئے انٹری ٹیسٹ میں 1500 سے زائد اے ون گریڈ کے حامل طلبہ ناکام ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں داخلوں کے سلسلے میں لیے گئے انٹری ٹیسٹ کے نتائج نے ملک کے تعلیمی معیارات اور بالخصوص سندھ کی تعلیمی و تدریسی صورتحال کی  پول کھول دی ہے ۔بی ایس کے داخلوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ کے نتائج نے ایجوکیشن بورڈز میں اسسمنٹ اور امتحانی نظام پر بھی کئی طرح کے سوالات اٹھادیے ہیں۔

داخلہ ٹیسٹ میں ساڑھے 10 ہزار سے کے قریب امیدوار شریک ہوئے تھے جس میں سے محض 29.19 فیصد طلباء و طالبات ٹیسٹ پاس کرسکے اور تقریبا 71 فیصد امیدوار فیل ہوگئے۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ معاملہ صرف اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کے فیل ہونے تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ ملک بھر سے انٹرمیڈیٹ اور اس کے مساوی امتحان میں اے ون اور اے گریڈ لے کر پاس ہونے والے بالترتیب 1560 اور 1960 امیدوار بھی اس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے ہیں۔

ٹیسٹ کے اعداد و شمار  کے مطابق انٹرمیڈیٹ میں اے ون گریڈ لینے والے آغا خان بورڈ کے 9 طلبہ، کیمبرج کے 2، فیڈرل بورڈ کے 18، کراچی بورڈ کے 534، حیدر آباد بورڈ کے 207، لاڑکانہ بورڈ کے 255، میرپورخاص بورڈ کے 166، کوئٹہ کے 55،سکھر کے 213 اور ضیاء الدین بورڈ کے 60 طلبہ فیل ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں داخلوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں 65 فیصد، کیمبرج بورڈ کے 72 فیصد اور فیڈرل بورڈ کے 37 فیصد طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ آغا خان بورڈ کے 139 میں سے 91 جبکہ کیمبرج کے 148 میں سے 108 طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا تاہم حیدر آباد بورڈ کے تقریبا 13 فیصد، کراچی بورڈ کے 32 فیصد، لاڑکانہ بورڈ کے 7 فیصد، میرپورخاص کے 13.41 فیصد، سکھر بورڈ کے 7 فیصد ، کوئٹہ کے 12 فیصد اور ضیاء الدین بورڈ کے 9.2 فیصد طلبہ یہ ٹیسٹ پاس کرسکے ٹیسٹ میں سب سے بڑی تعداد کراچی بورڈ کے طلبہ کی شریک ہوئی تھی کراچی بورڈ سے 7750 طلبہ شریک اور 2498 پاس ہوسکے

مزیدخبریں