ایک نیوز: ق لیگ پرویزالہٰی گروپ کا پی ٹی آئی میں انضمام کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد کوئی واضح پیش رفت نہ ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے ق لیگ کو ضم کرنے کی مخالفت کر دی۔ ق لیگ بھی بڑے سیاسی فائدے کے بغیر ضم ہونے کو تیار نہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز الہی نے ضم ہونے کے لیے تحریک انصاف پنجاب کی صدارت اپنے لیے یا مونس الہی کے لیے مانگ لی۔ پرویز الہی نے گجرات ڈویژن، چکوال اور گوجرانوالہ سے قومی اسمبلی کی نصف نشستوں کا بھی مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود سمیت کئی سینئر رہنما ان شرائط پر ق لیگ کو ضم کرنے کے حق میں نہیں۔ دوسری جانب ق لیگ کے پرویز الہی گروپ نے بھی عمران خان کی واضح یقین دہانی تک ضم ہونے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ اپنی شرائط کے حوالے سے عمران خان سے تحریری معاہدہ چاہتی ہے۔ فی الوقت دونوں جانب سے تحفظات کے باعث ضم ہونے کا عمل رک گیا ہے۔