پاسپورٹ کی نئی رینکنگ جاری، پاکستان کی شرمناک پوزیشن

Jan 17, 2023 | 12:55 PM

ایک نیوز: ہینلے انڈیکس نے طاقتورترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی تازہ فہرست جاری کی ہے۔ جس کے مطابق افغانستان کو دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ کا حامل ملک قرار دیاگیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق افغانستان 109 ویں نمبر پر ہے۔ دنیا میں افغان پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے صرف 27 ویزا فری مقامات ہیں۔ عراق اور شام بالترتیب 29 اور 30 ویزا فری مقامات کے ساتھ اس کے بعد ہیں۔ 

پاکستان کا اس فہرست میں چوتھا اور یمن کا نمبر پانچواں ہے جو اس فہرست میں سب سے نیچے ہیں۔ ان کے پاسپورٹس کے حامل افراد دنیا میں بالترتیب 32 اور 34 ویزا فری مقامات پر جاسکتے ہیں۔

انڈیکس کی 2020 کی درجہ بندی کے بعد افغانستان، عراق، شام، پاکستان اور یمن نے دنیا کے سب سے کم طاقتور پاسپورٹ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کو عالمی شہریوں اور خودمختار ریاستوں کے لیے معیاری حوالہ کا آلہ سمجھا جاتا ہے۔ جب یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ پاسپورٹ عالمی نقل وحرکت اسپیکٹرم میں کہاں موجود ہے۔ یہ ہر سہ ماہی میں 199 پاسپورٹس کی 227 سفری مقامات تک رسائی کے بارے میں انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کے خصوصی اعداد وشمار کو مدنظر رکھتے ہوئے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کرتا ہے۔

دوسری جانب جاپان نے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی حیثیت سے اپنی پوزیشن برقرار رکھی، اس کے بعد سنگاپور اور جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر رہے۔ جرمنی اور اسپین مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ فن لینڈ، اٹلی، لکسمبرگ اور آسٹریا چوتھے نمبر پر ہیں۔

مزیدخبریں