مودی سرکارکشمیر سمیت مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ مذاکرات کرے، شہباز شریف

Jan 17, 2023 | 10:48 AM

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنےبھارتی ہم منصب کو ایک مرتبہ پھر امن کا پیغام دیتے ہوئے مذاکرات کی پیش کش کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ 3 جنگوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، ہم امن کے خواہاں ہیں۔ بھارت آئے اور مسئلۂ کشمیر پر ہمارے ساتھ مذاکرات کرے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ مذاکرات کریں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے، اسے روکنا ہوگا۔

انٹرویو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارت نے کشمیر کی خودمختاری ختم کردی جو بھارتی آئین کی دفعہ 370 کے تحت کشمیریوں کو دی گئی تھی۔ اگست 2019 میں یہ حقوق سلب کر لیے گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم امن سے رہتے ہوئے ترقی کریں یا پھر ایک دوسرے سے لڑائی میں وقت اور وسائل کو ضائع کردیں۔ بھارت کے ساتھ جنگوں سے عوام کیلئے مزید مصائب، غربت اور بے روزگاری ہی پیدا ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے جنگوں سے سبق سیکھ لیا، امن سے رہنا چاہتے ہیں، غربت ختم کرنا، خوشحالی حاصل کرنا، لوگوں کو تعلیم ، صحت کی سہولیات دینا اور روزگار فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے وسائل بموں اور گولہ بارود پر ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں ، اگر خدانخواستہ جنگ چھڑ گئی تو یہ دیکھنے کیلئے کون زندہ رہے گا کہ جیت کس کی ہوئی؟ سعودی عرب ہمارا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے۔متحدہ عرب امارات لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔

مزیدخبریں