شدید دھند کا راج، ملک بھر میں پروازیں تاخیر کا شکار

شدید دھند کا راج، ملک بھر میں پروازیں تاخیر کا شکار

ایک نیوز:  پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے لاہور ملتان اور فیصل آباد ائیرپورٹ پر  پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن کا کہناہے کہ شدید دھندکی وجہ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حد نگاہ 6000 میٹر ہے جس کی وجہ سے پرواز پی اے 475 کی ریاض سے لاہور آمد دوپہر 12:20 کے بجائے شام 07:20 تک مؤخر کی گئی ہے۔

پرواز  پی اے411 کی دبئی سےلاہور آمد  بھی رات 09:10 کے بجائے کل صبح 03:15 بجے تک مؤخر کی گئی ہے۔پرواز پی اے 410 کی لاہور سے دبئی روانگی دوپہر 01:10 کے بجائے رات 08:20 تک مؤخر کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دبئی سے نجی ائیرلائن کی پرواز پی ای 411 تاخیرکا شکار ہوئی ہے جس کی وجہ سے  نجی ائیرلائن کی کراچی سے لاہور روٹ کے اپ ڈاؤن کی پروازیں پی اے 405 اور پی اے 406 منسوخ کر دی  گئی ہے۔جدہ سے سعودی ائیرلائن کی لاہور آمدکی پرواز ایس وی 738 اور روانگی کی پرواز ایس وی 739 بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

فیصل آباد ائیرپورٹ پر بھی حد نگاہ 5000 میٹر ہونے کی وجہ سے لینڈنگ اور ٹیک آف میں دشواری کا سامنا ہے جس وجہ سے کراچی سے فیصل آباد کے لیے  پی آئی اے کی پرواز  پی کے 340 اور پی کے 341 منسوخ کردی گئی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ملتان ائیرپورٹ پر حدنگاہ 4000 میٹر رہی موسمی خرابی کے باعث ملتان سےکراچی کے لیے پی آئی اے پرواز  پی کے 330 اور پی کے 331 تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ملتان جدہ  روٹ پر قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 739 اور ایس وی 740 بھی تاخیرکا شکار ہوئی۔