کراچی میں سردیوں کی نئی لہر داخل

Jan 17, 2023 | 09:49 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: کراچی میں 21 اور 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر داخل ہوگی جو کہ خشک موسم کا سبب بنے گی۔

رپورٹ کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق سردی کی ایک نئی لہر کے دوران کراچی بلوچستان کی سرد ہواؤں کے لپیٹ میں رہے گا اور اس دوران معمول سے تیز شمال مشرقی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں نئی لہر کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ یہ مغربی سلسلہ 18 جنوری کی رات سے بلوچستان میں داخل ہوگا اور اس کے زیر اثر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی حالیہ لہر 24 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے جبکہ کل سے سردی کی شدت میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی۔

 رات کے وقت کراچی میں درجہ حرارت  10 ڈگری سے کم  رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ گزشتہ رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ  نواحی علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت زیادہ رہی۔ 

 لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری جبکہ اسلام آباد میں صفر ڈگری رہا۔ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی10، اسکردو منفی 9، مالم جبہ منفی 7، کوئٹہ میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیاگیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر اضلاع شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ گیا، پائپ لائنوں میں پانی اور سڑکوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا ہے، اور شدید سردی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ 

بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں آج موسم خشک اور شدید سرد رہے گا، زیارت منفی 11، قلات منفی 10، نوکنڈی، مستونگ میں درجہ حرارت منفی 9، دالبندین منفی 8، چمن منفی 7، پشین منفی 6، ژوب منفی 5، پنجگور میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ بارش کاتاحال کوئی امکان نہیں۔  کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جب کہ ہوامیں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔  شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 سے 12کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شہرِ قائد کے شمالی حصے میں گزشتہ رات درجہ حرارت 4 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔

واضع رہے کہ شہر قائد  میں 15 جنوری کی صبح رواں سال موسمِ سرما کی سرد ترین صبح ریکارڈ کی گئی۔ میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں برف کی حکمرانی ہے۔

مزیدخبریں