ایک نیوز: کراچی نے نئی سیاسی کروٹ بدل لی، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی شہر کی نئی سیاسی حقیقت بن کر سامنے آ گئیں۔
کراچی بلدیاتی انتخابات کے تمام نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے۔ جس کے مطابق پیپلز پارٹی 93 اور جماعت اسلامی 86 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی، دونوں جماعتیں کراچی کے میئر کی بڑی کرسی حاصل کرنے کے لیے کوشش کریں گی۔
پیپلز پارٹی 70 کی دہائی کے بعد پہلی مرتبہ کراچی میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جبکہ ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کے بعد پی ٹی آئی کی چمک دمک بھی ماند پڑ گئی۔
کراچی سے عام انتخابات میں دو تہائی نشستیں جیتنے والی تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں صرف 40 یوسیز جیت سکی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کی نشست سے بھی ہار گئے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن نے بھی کراچی بلدیاتی الیکشن میں سات نشستیں جیتیں جبکہ تین نشستوں پر آزاد امیدوار اور تین پر جے یو آئی ایف کے امیدوار فتح مند رہے، تحریک لبیک نے دو اور مہاجر قومی موومنٹ نے ایک نشست جیتی۔