منسوخ شدہ پرائز بانڈز کی تبدیلی تاریخ میں توسیع

Jan 17, 2023 | 00:31 AM

ایک نیوز: سٹیٹ بینک نے منسوخ شدہ پرائز بانڈز تبدیل کرنے کی تاریخ میں توسیع کر دی۔منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے حامل شہری بانڈز کو  30جون 2023 تک تبدیل کرو ا سکتے ہیں ۔

 ترجمان سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ  7 ہزار 515 روپے والا  بانڈ، 25 ہزار  اور 40 ہزار روپے مالیت والے بانڈز کی واپسی کی معیاد میں توسیع کی گئی ہے ۔

  حکومت نے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز ٹرانسفر یا نقد کرانے کا عوام کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی تھی۔

قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی گئی۔

پرائز بانڈ نقد یا ٹرانسفر کروانے والوں کیلیے چند شرائط عائد کی گئی ہیں، جن میں سب سے پہلی بانڈ کو ظاہری مالیت پر کیش کرانا جبکہ پچیس یا چالیس ہزار کے پریمیئم بانڈز کو رجسٹرڈ کروا کے انہیں اکاؤنٹ میں منتقل کروانا اور اسپیشل سیونگز سرٹیفیکٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکٹ میں تبدیل کروانا ہے۔

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مالیت کے بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کو 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور نہ ہی یہ قابل استعمال ہوں گے۔
 

مزیدخبریں