اب یہ ملک جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا ،وزیراعلیٰ پنجاب  

اب یہ ملک جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا ،وزیراعلیٰ پنجاب  
کیپشن: Now this country can't afford to be surrounded and blasphemed, Chief Minister Punjab

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے لوگ جلاؤ گھیراؤ سے تنگ آچکے ہیں ، اب یہ ملک جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے  آسان کاروبار پروگرام کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا  آسان کاروبار کے تحت چیک وصول کرنے والوں کو مبارکباد دیتی ہوں، نوازشریف کی بیٹی نے آج ایک اور وعدہ پورا کیا، آسان کاروبار اسکیم کامیاب ہونے کے بعد ہی اس کا اجرا کر رہی ہوں،  17جنوری کو پروگرام لانچ کیا،ایک ماہ کے اندر اس کا اجرا کر دیا، آسان کاروبار پروگرام کا آسان سوال نامے سے اجرا کیا گیا۔ 

انہوں نے کہا   آسان کاروبار پروگرام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بیمارمعیشت درست کی جوگزشتہ ایک سال سے استحکام کی جانب گامزن ہے، مہنگائی کی شرح 4فیصد تک لے آئے ہیں، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، چھوٹے،درمیانے ،بڑے کاروبار کیلئے میری حکومت وعدے پورے کر رہی ہے، آسان کاروبار اسکیم پر عملدرآمد سے لوگوں کے گھروں میں آسودگی آئیگی، پاکستان کی معیشت اڑان کے لئے تیار ہے۔   

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا  جلاؤگھیراؤ کی کال پر کوئی بھی باہر نہیں نکلا، لوگ جلاؤ گھیراؤ سے تنگ آچکے ہیں، عوام نے فتنہ فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے،نالائق حکمرانوں نے مہنگائی کی شرح38 فیصد تک پہنچائی، نااہلی کے باعث معیشت کو گزشتہ 4سال میں ڈبو دیا گیا، پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں خراب کیا گیا، کسی نے ملک کیخلاف کالز پر کان نہیں دھرے، لوگ جلاؤ گھیراؤ اور فساد سے تنگ آچکے ہیں نوجوانوں نے میری آواز پر لبیک کہا ۔ 

مریم نواز نے کہا پنجاب میں آٹے اورروٹی کی قیمت سب سے کم ہے ،پی ٹی آئی حکومت میں تھی تو ملک سے سرمایہ کاری چلی گئی ،یہ پہلے پاکستان سے لڑرہے تھے،اب آپس میں لڑرہے ہیں ، قرضےبغیرکسی سفارش کےمیرٹ پر دیئے جارہےہیں ،تنقید کرنےوالے میرےاورمیرے خاندان کیخلاف باتیں کرنےوالےآج اپناانجام دیکھ لیں۔ 

ان کا مزید کہناتھا  میرے پاس کسی کااےسی بند کرنے کی باتیں کرنے کا ٹائم نہیں، جس نے جوکیا، اسے اسکی سزا ملے گی، میں کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی نہیں کرنا چاہتی کوئی اڈیالہ جیل میں اچھا کھانا کھارہا ہے، اس سے بھی اچھا کھائے، مجھے اعتراض نہیں ،اب یہ ملک جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا ،خالی تقریروں سے کسی کا پیٹ نہیں بھرتا ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کو دنیا میں بدنام کیا ،بتائیں کیا جلاؤ گھیراؤ کرنےسے قومیں ترمی کرتی ہیں؟ ۔