ایک نیوز: کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پرنگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے الزامات کی انکوائری کے لئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الزامات کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے گی۔کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے حوالے سے اصل حقائق کو سامنے لائے جائیں گے ۔
اس سے قبل نگران وزیراطلاعات عامر میر نے کمشنر راولپنڈ ی کے استعفے پر رد عمل میں کہا کہ لیاقت علی چھٹہ کوکسی نے چورن بیچا ہے تو ہم کچھ نہیں کرسکتے، ایک شخص جو خودکشی کی بات کررہا ہے وہ سائیکو ہی ہوسکتا ہے ،کمشنر راولپنڈی شاید اپنا سیاسی کیریئر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ،کوئی نارمل شخص ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کیسے کرسکتا ہے؟
عامر میر نے مزید کہا کہ کمشنر راولپنڈی کو اگر کسی نے مجبور کیا تھا تو پولنگ ڈے پر کیوں نہیں کہا، کمشنر راولپنڈی نے شاید کسی کو جتوانے کیلئے پیسے لیے ہوں اور کام نہ کرسکے ہوں ان کے الزامات کی تحقیقات ہوں گی ۔