انتخابی بے ضابطگیاں پر کمشنر راولپنڈی کا استعفیٰ:حکومت کا تحقیقات کا اعلان

انتخابی بے ضابطگیاں پر کمشنر راولپنڈی کا استعفیٰ:حکومت کا تحقیقات کا اعلان
کیپشن: انتخابی بے ضابطگیاں پر کمشنر راولپنڈی کا استعفیٰ:حکومت کا تحقیقات کا اعلان

ایک نیوز :کمشنر راولپنڈی کے استعفے پر حکومت کا موقف بھی سامنے آگیا۔ وزیر اطلاعات نے تحقیقات کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراطلاعات  عامر میر نے کمشنر راولپنڈ ی کے استعفے پر رد عمل میں کہا کہ لیاقت علی چھٹہ کوکسی نے چورن بیچا ہے تو ہم کچھ نہیں کرسکتے، ایک شخص جو خودکشی کی بات کررہا ہے وہ سائیکو ہی ہوسکتا ہے ،کمشنر راولپنڈی شاید اپنا سیاسی کیریئر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ،کوئی نارمل شخص ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کیسے کرسکتا ہے؟

عامر میر نے مزید کہا کہ  کمشنر راولپنڈی کو اگر کسی نے مجبور کیا تھا تو پولنگ ڈے پر کیوں نہیں کہا، کمشنر راولپنڈی نے شاید کسی کو جتوانے کیلئے پیسے لیے ہوں اور کام نہ کرسکے ہوں ان کے الزامات کی تحقیقات ہوں گی ۔

واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی نے انتخابی بے ضابطگیوں پر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر ہارے ہوئے امیدواروں کوجتوانے کیلئے شدید دباؤتھا ،ہارے ہوئے امیدواروں کو 50,50ہزار کی لیڈ سے جتوایا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت بھی راولپنڈی میں جعلی مہریں لگائی جارہی ہیں ،مجھ پر غلط کام کرنے کے لیے شدید دباو ڈالا گیا، میں قوم سے معافی مانگتا ہوں میں اپنے جرم پر خود کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں۔