ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کاکہنا ہے کہ ججز کی آڈیو مریم نواز کی سرپرستی میں چلنے والے میڈیا سیل نے لیک کی، پہلے نواز شریف نے غنڈوں کے ذریعے عدلیہ پر حملہ کیا اب اس کی بیٹی حملہ آور ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، راجہ بشارت اور ساجد بھٹی نے ملاقات کی۔ڈاکٹر زین بھٹی، کرنل ( ر) شبیر، بشیر اے طاہر اور پرویز شاہد بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی قیادت میں ایک بار عدلیہ پر حملہ آور ہے، مریم نواز اپنے والد کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہے، نواز شریف نے سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ کیا، اب معزز جج صاحبان کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں۔(ن) لیگ کا آڈیو ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوچکا ہے۔ کچھ نیا سوچیں۔رانا ثناء اللہ حکومتی وسائل عدلیہ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔پنجاب کے الیکشن میں تاخیر کرنے والے قانونی نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت آئے گا پی ڈی ایم کی 13 جماعتوں کے پاس صرف 13 ووٹ ہوں گے۔ الیکشن سے بھاگنے والے اب پاکستان سے بھی بھاگیں گے، غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام اپنا غصہ الیکشن والے دن اتاریں گے۔