ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ متعلقہ فورمز نے معاشی و سیکیورٹی صورتحال اور مردم شماری سمیت دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرنا ہے،جب بھی انتخابات ہوں ، ہم انتخابات لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ،ہم الیکشن لڑیں گے اور کامیاب ہوں گے ۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دیں گے ،عوام کو معلوم ہے کہ ملک کو مہنگائی کی دلدل میں کون پھینک کرگیا ہے ،عمران خان کو پہلے بھئ اسمبلیاں نہ توڑنے کا خبردار کیا تھا ،عمران خان نے جلدبازی میں اسمبلیاں توڑ کر ملک میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ۔کیا ہم پورا سال الیکشن الیکشن کھیلنے کے متحمل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات ایک مہنگا بزنس ہے جس پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں ،معاشی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے ،خیبرپختونخواہ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے ،ملک میں نئی مردم شماری ہورہی ہے ۔عمران خان خود فیصلہ کرکے گئے تھے کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے ۔