کراچی میں گرمی کی پیشنگوئی

Feb 17, 2023 | 18:31 PM

  ایک نیوز :کراچی میں جمعہ کو شہر کا موسم گرم رہا اور محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشنگوئی کردی ۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز کراچی کا پارہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس نہیں ہوئی، ہفتے کودرجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو دن کے وقت سمندری ہوائیں معطل رہیں، اس دوران بلوچستان کی شمال مشرقی اور مشرقی سمت کی ہوائیں چلیں، شام کے وقت سمندر کی بند ہوائیں فعال ہوگئیں، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد رہا، نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی صبح شہر کی فضاؤں پر ہلکی دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے حدنگاہ کم ہو کر 2 کلومیٹر رہ گئی  تھی، آئندہ دو روز کے دوران کراچی سمیت دیہی سندھ کے اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں، تھرپارکر،عمرکوٹ، حیدرآباد، بدین اور میرپور خاص میں تین روز کے دوران پارہ 39 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 34 ڈگری تک ریکارڈ ہوسکتا ہے، گرمی کی حالیہ جزوی لہر کے دوران سندھ بھر میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مزیدخبریں