ایپکا  اور گیگا کے ملازمین کی مہنگائی اور منی بجٹ کیخلاف احتجاجی ریلی 

Feb 17, 2023 | 18:22 PM

ایک نیوز :ایپکا  اور گیگا کی جانب سے مہنگائی منی بجٹ ، پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی  گئی۔ 

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن  اورگیگا کی اپیل پر  ملک بھر بشمول آزاد کشمیر میں تمام دفاتر میں مکمل ہڑتال رہی۔ ملک بھر کے اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ایپکا  اور گیگا کے عہدیداروں کاکہنا تھا کہ حکومت اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کے گٹھ جوڑ کے تحت منی بجٹ غریب عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا۔ 175 ارب روپے کے ٹیکس، ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی، پٹرولیم، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایپکا/اگیگا کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی پریس کلب لاہور سے شروع ہوئی چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے چارٹر آف ڈیمانڈ پر مذاکرات یقین دہانی پر وزیراعلی ہاؤس جانے کا پروگرام مؤخر کر دیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت محمد سلطان مجددی مرکزی صدر ایپکا پاکستان، کاشف شہزاد چوہدری، محمد اکرم سرویا چیئرمین ایپکا پنجاب، میاں محمد فاضل احمد سرپرست اعلیٰ اگیگا، فیض احمد صدیقی جنرل سیکرٹری ایپکا پنجاب، محبوب عالم سندھو سینئر وائس چیئرمین آگیگا، ناصر احمد صدر پنجاب یونیورسٹی، وحید مراد یوسفی صدر پی ٹی یو، پروفیسر زاہد اعوان صدر پی پی ایل،  سید صلاح الدین صدر پی ڈبلیو ڈی، خوشی محمد کھوکھر ایریگیشن ایمپلائیز یونین، اخلاق بٹ،  محمد معصوم صدر پی ڈی ایف نے کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی صدر ایپکا پاکستان  محمد سلطان مجددی  کاکہنا تھا کہ وزیر خزانہ ملازمین دشمن پالیسیوں پر گامزن ہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 300 فیصد اضافہ کرے۔ ہاؤس رینٹ کنوینس الاؤنس، میڈیکل الاؤنس میں بھی 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ اگر ملازمین  کی تنخواہوںں اور پینشن گریجویٹی میں اضافہ نہ کیا گیا تو ملک بھر کے ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ 


خیبر پختونخواہ آزادکشمیر بلوچستان اور سندھ پنجاب کے اضلاع اور صوبائی ہیڈکوارٹر پر مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ پنجاب میں لاہور، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، پاکپتن، ساہیوال، لودھراں، بہاولپور، وہاڑی، خانیوال بہاولنگر, مظفرگڑھ, میانوالی اور دیگر اضلاع میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

مزیدخبریں