وزیراعظم کے انقرہ میں زلزلہ متاثرہ علاقوں کے دورے، متاثرین سے اظہار یکجہتی

Feb 17, 2023 | 16:15 PM

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف زلزلے سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے زلزلہ متاثرہ علاقے آدیامان پہنچ گئے، متاثرین سے اظہار یکجہتی کی اور حوصلہ بھی بڑھایا۔

واضح رہے کہ آدیامان حالیہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے۔

وزیرِ اعظم کا آدیامان ہوائی اڈے پر ترکیہ کے وزراء نے استقبال کیا، وزیرِ تجارت مہمت موش، وزیرِ مواصلات و انفراسٹرکچر کے وزیرِ عادل اسماعیل اولو ایئر پورٹ پر موجود تھے، آدیامان کے گورنر مہمت چوہادار، علی شاہین ترک پارلیمنٹ میں ترکیہ پاکستان فرینڈشپ گروپ کے صدر اور ترک سفارتی حکام نے استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آدیامان پہنچنے پر زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان ترک حکام کے حوالے کیا، پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے آدیامان پہنچا تھا۔

میاں شہباز شریف نے آدیامان میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کے دوران یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے پیاروں کی وفات پر تعزیت کی، وزیراعظم نے متاثرین کو پاکستان کی طرف سے بھرپور مدد کی یقین دہانی بھی کروائی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی آپ کے بہن بھائی ہیں، مشکل میں کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے، پوری پاکستانی عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، میری عالمی برادری، او آئی سی، اقوامِ متحدہ اور تمام انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے اپیل ہے کہ ترکیہ کے لوگوں کی مدد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سردی سے بچاؤ کے مزید خیمے اور کمبل ترکیہ بھیجتا رہے گا، پاکستان فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد بھیج رہا ہے، پاکستان اس وقت تک 500 ٹن امدادی سامان ترکیہ بھیج چکا ہے ، پاکستان جس قدر ہو سکے گا، ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد بھیجتا رہے گا۔

وزیراعظم نے آدیامان میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے بھی ملاقات کی، پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔

آدیامان میں زلزلہ زدگان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پاکستان کی طرف سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں