بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر عہدے سےمستعفی

Feb 17, 2023 | 15:17 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: چیتن شرما بی سی سی آئی کے چیف سلیکٹر کے عہدے سےمستعفی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق  اسٹنگ آپریشن کے بعد تنازعات میں آنے کی وجہ سے چیتن شرما نے بی سی سی آئی کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے ۔ چتن شرما کے استعفے کے بعد سلیکشن پینل میں چار افراد رہ گئے ہیں جب کہ کرکٹ بورڈ جلد نئے چیئرمین کے نام کا اعلان کرے گا۔ چیتن شرما  نے اسٹنگ کے دوران ٹیم انڈیا کے کئی کھلاڑیوں کا ذکر کیا تھا اور کئی متنازعہ باتیں بھی کی تھیں۔ اس کے بعد سے ان کے عہدے پر خطرے کی تلوار لٹکی ہوئی تھی، چیتن شرما نے اپنا استعفیٰ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سکریٹری جئے شاہ کو پیش کر دیا ہے ۔ چیتن شرمانے ہاردک پانڈیا کے بارے میں کہا تھا کہ وہ کپتانی کے لیے کئی بار ان کے گھر ملنے آئے ہیں۔ چیتن کے اسٹنگ کے بعد بی سی سی آئی ان کے خلاف کارروائی بھی کرنا چاہتا تھا۔ چیتن شرما کو اس سے قبل ٹی-20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا لیکن حال ہی میں انہیں دوبارہ چیف سلیکٹر بنایا گیا تھا۔ 

چیتن شرما کی خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی ویڈیو کو منظر عام پر آئی تھی جس پر سابق بھارتی کرکٹرز نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بعض بھارتی کرکٹرز 100 فی صد فٹ رہنے کے لیے ممنوعہ انجیکشن لگواتے ہیں۔ چیتن شرما نے اس ویڈیو میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سارو گنگولی کے درمیان تنازع سمیت روہت شرما کے کپتان بننے اور ہاردک پانڈیا کی فٹنس پر بھی بات کی تھی۔

مزیدخبریں