ایک نیوز:( سدھیرچودھری) منی بجٹ کے آفٹر شاکس آنا شروع ہوگئے۔ چائے میں سردرد کا علاج ڈھونڈنے والوں کیلئے پتی کی بڑھتی قیمتیں سردرد بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چائے کی پتی 200 روپے اضافے سے 1800 روپے کلو ہو گئی۔ اس طرح ایک ماہ کے دوران چائے کی پتی 800 روپے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے۔
دوسری جانب چائے کے شوقین افراد کے لئے بری خبر۔ پتی کی قیمت بڑھنے سے چائے کا کپ 50 روپے کا ہو گیا۔ مزدور ہو طالب علم، افسر ہو ملازم سبھی تھکاوٹ دور کرنے کے لئے چائے کا سہارا لیتے ہیں جو اب مشکل ہو جائے گا۔
چائے فروخت کرنے والے کہتے ہیں کہ دودھ اور چائے کی پتی، پٹرول، بجلی و گیس سمیت ہر چیز مہنگی ہونے سے چائے کا کپ مہنگا کرنا پڑا۔ دیگر کاروباری افراد کی طرح یہاں بھی مہنگائی کا رونا نظر آیا۔
چائے کی پتی فروخت کرنے والے کہتے ہیں کہ کینیا سے چائے کی درآمد رکنے سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ درآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ چائے کے 250 کنٹینرز کراچی پورٹ پر کلیئرنس کے منتظر ہیں۔ اگر حکومت نے بروقت ایکشن نہ لیا تو رمضان المبارک میں چائے کا بحران سر اٹھا سکتا ہے۔