ائیر انڈیا کا 250 ائیر بس طیارے خریدنے کا معاہدہ

air bus and air india agreement
کیپشن: air bus and air india agreement
سورس: google

ایک نیوز : بھارت کی قومی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے 250 ایئر بس جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس کے کل 470 طیاروں کے حصول کے معاہدے کا حصہ ہوں گے جس میں 220 بوئنگ جیٹ طیارے بھی شامل ہونے کی امید ہے۔

ایئر بس "ائیر پی اے" ماڈل اور بوئنگ "بی اے این" ماڈل کے جہازوں کی یہ خرید ایئر لائن کے اپنے نئے مالک ٹاٹا کی قیادت میں دہائیوں پر محیط تبدیلی کا نقطہ آغاز ہے۔ٹاٹا کے چیئرمین این چندر شیکرن ن کا  کہنا تھا  کہ ائیربس آرڈر میں A350 ماڈل کے 40 چوڑی جسامت کے جب کہ A320neo ماڈل کے تنگ جسامت کے 210 جہاز شامل ہیں۔

کمپنی چوڑی جسامت کے جیٹس دنیا کے انتہائی طویل روٹس کی پرواز کے لیے استعمال کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی کی طرف سے 470 جہازوں کا آرڈر کسی ایک ایئر لائن کا اب تک کا سب سے بڑا ہے۔

اس کے علاوہ ایئر انڈیا اپنی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے25 مزید ایئر بس جہاز لیز پر حاصل کر ے گی اور یوں اس کے بیڑے کی تعداد پانچ سو ہو جائےگی۔تجزیہ کاروں کے مطابق جہازوں کی خرید کا یہ منصوبہ بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی ہوابازی کی منڈیوں میں شامل ہونے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں بڑ ی تعداد میں اس کے تارکین وطن پھیلے ہوئے ہیں اور ملک کے اندر بڑی تعداد میں ہوائی اڈے موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کی یہ خرید کمپنی کے لیے ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے جو کہ نئے سی ای او کیمبل ولسن کی قیادت میں ایک عالمی معیار کی ایئر لائن کے طور پر اپنی ساکھ کو بحال کرنے اور ایک سست اور بے ہنگم کمپنی کے تاثر کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ایک ورچوئل پریس بریفنگ کے دوران چندر شیکرن نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ جہازوں کا ایک جدید بیڑا ہے جو موثر ہو گا اور کمپنی کے تمام راستوں کے لیے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

آن لائن تقریب میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے شرکت کی، جس میں کمپنی سے متعلق معاہدے کی سیاسی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

چندر شیکرن نے کہا کہ ایئربس اور ٹاٹا کمپنیاں بڑی شراکت داری پر کام کر رہے ہیں جس میں مستقبل میں کسی وقت کمرشل ہوائی جہاز کی تیاری بھارت میں لانا شامل ہے۔

ایئر انڈیا کا آرڈر امریکن ایئر لائنز کے 460 ایئربس اور بوئنگ طیاروں کے ایک عشرے قبل کے مشترکہ سودے سے بھی زیادہ ہے۔بھارت کا جہازوں کی خرید کا یہ معاہدہ دسیوں ارب ڈالر کا ہو گا۔ خیال رہے کہ دنیا کی بڑی جہاز ساز کمپنیوں کی کرونا کی عالمی وبا کے خاتمے کے بعد مانگ پھر سے بڑھ گئی ہے لیکن ساتھ ہی ان کمپنیوں کو ماحولیاتی اور صنعتی دباؤ کا سامنا ہے۔