ایک نیوز: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سورا بھاسکر شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اسٹارسورا بھاسکر نے انتہائی خاموشی کے ساتھ شادی کرلی۔ انہوں نے مسلمان ایکٹوسٹ فہد ضراراحمد کے ساتھ کورٹ میرج کی ہے۔
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور سماجی معاملوں میں کھل کر اپنی رائے رکھنے والی سورا بھاسکر نے مسلم پولیٹیکل ایکٹیوسٹ یعنی سیاسی کارکن فہد ضرار احمد سے شادی کی ہے اور اس کی خبر انھوں نے خود سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دی ہے۔
انھوں نے فہد کے لیے ایک اسپیشل نوٹ بھی شیئر کیا ہے۔ دراصل سورا بھاسکر نے انسٹاگرام ہینڈل پر 2 منٹ 4 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے ذریعہ انھوں نے بتایا کہ کس طرح دونوں نے ایک ساتھ کئی تحریکوں میں آواز بلند کی تھی اور دونوں کا رشتہ کیسے دھیرے دھیرے بدلتے ہوئے آج اس مقام تک پہنچا۔
سورا بھاسکر نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے فہد ضرار احمد کے لیے ایک پیارا سا نوٹ شیئر کیا جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کبھی کبھی آپ کسی چیز کو دور دور تک تلاش کرتے ہیں، لیکن وہ آپ کے آس پاس ہوتی ہے۔ ہم محبت کی تلاش میں تھے، لیکن ہمیں پہلے دوستی ملی اور پھر ہم نے ایک دوسرے کو پا لیا۔ میرے دل میں آپ کا استقبال ہے فہد ضرار احمد۔‘‘
سورا بھاسکر کے اس طرح خاموشی سے شادی کرنے کے بعد ان کے چاہنے والے حیران ہیں۔ جیسے ہی اداکارہ نے اپنی شادی کی خبر کنفرم کی، انھیں مبارکباد ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین سورا بھاسکر اور فہد احمد کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں اور خوش گوار ازدواجی زندگی کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کر رہے ہیں۔