ایک نیوز: اسلام آباد میں تیندوے کے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا،مقدمہ تھانہ سہالہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،مقدمے کےمتن کے مطابق یہ تیندوا گلدار نسل کا ہے اور انتہائی خطرناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ تھانہ سہالہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف دفعہ 324/289 ت پ کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی ار میں کہا گیا ہے کہ یہ تیندوا گلدار نسل کا ہے اور انتہائی خطرناک ہے۔اس تیندوے کو کسی نے گھر میں پالا ہوا ہے جو نقصان دہ اور غفلت ہے۔ گھر میں خطرناک جانور رکھنے والے نامعلوم لوگوں نے عام عوام کی زندگی خطرہ میں ڈالی۔تیندوا گھر میں پالنے والے لوگوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں واقع ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک زیر تعمیر گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس نے متعدد افراد کو زخمی کردیا تھا۔ رات گئے وائلڈلائف ٹیم نے تیندوے کو قابو کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق رہائشی علاقے میں جنگلی درندہ رکھنا ممنوع ہے،خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔ تیندوہ رکھنے والے کیخلاف اقدام قتل اور جنگلی جانور کو غیر قانونی طور پر رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ہاوسنگ اتھارٹی بھی تیندوے کے مالک کیخلاف کارروائی کرے گی۔