ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اصلاحات کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالو ں میں انسولین،ضروری ادویات اورڈسپوزایبل سامان کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسولین اور دیگر ضروری ادویات کی قلت کے مسئلے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر،سپیشل سیکرٹری پروکیورمنٹ،ڈی جی ڈرگ کنٹرول اور دیگر حکام شامل ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں انسولین اور دیگر ضروری ادویات کی دستیابی کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔ کمیٹی اس ضمن میں وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کرے گی۔ کمیٹی آئندہ دنوں میں صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے پلان پیش کرے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسولین اور ضروری ادویات کی تسلسل سے دستیابی یقینی بنانے کے لئے بلاتاخیر اپنا ہوم ورک مکمل رکھنا ہوگا۔ کمیٹی کے اراکین قابل عمل پلان تیار کریں اور آنے والے دنوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر اقدامات اٹھائے جائیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔