انجری کا شکار فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کا آپریشن ہوگیا

 انجری کا شکار فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کا آپریشن ہوگیا

ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے انجری کے باعث ایونٹ سے باہر والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی انگلی کا کامیاب آپریشن ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی میڈیکل پینل کی نگرانی میں شاہنواز دھانی کے دائیں ہاتھ کی انگلی کی سرجری کردی گئی ہے۔آپریشن کے بعد شاہنواز دھانی نے اپنی ٹوئٹ میں فینز کو دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ میرے ہاتھ کی انگلی کا کامیاب آپریشن ہوگیا ہے، تمام مداحوں سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ 

شاہنواز دھانی نے ٹویٹ میں لکھا کہ میں پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب سومرو کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے مانیٹر کیا۔ آپریشن کے دوران ڈاکٹر نجیب میرے ساتھ موجود رہے میں انکا شکر گزار رہوں گا۔

واضح رہے کہ شاہنواز دھانی دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے پی ایس ایل سے آؤٹ ہوگئے تھے، ملتان سلطانز نے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر محمد الیاس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔محمد الیاس اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کا حصہ رہ چکے ہیں۔وہ  ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز میں شاہنواز دھانی کی جگہ ملتان سلطانز کا حصہ ہوں گے۔24 سالہ فاسٹ بولر نے اب تک 51 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 58 وکٹیں حاصل کی ہیں۔