ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے لئے پولیس کی بھاری نفری چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف میں تعینات ہے جبکہ پولیس نے زمان پارک کی طرف آنے والے راستے بھی بند کر دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی 3 پریزن وین اور سکواڈ کی گاڑیاں زمان پارک کے قریب گشت کر رہی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے اور کارکنان نے کینال روڈ کا راستہ کھول کر ٹریفک بحال کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری کے زمان پارک کے گرد ہونے سے ہم ڈرنے والے نہیں، کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی عدم پیشی پر خارج کردی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔