وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ملک بھر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجراء کر دیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ریاست مدینہ کےاصولوں سے رو شناس کرانا ہمارافرض ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ کئی مضامین کی پاکستان میں اہمیت ختم ہوگئی، کئی مضامین کے لوگ پاکستان میں ملتے ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپس کےذریعے تعلیمی نظام بہترکرسکتےہیں،تعلیم کا بنیادی مقصد قوم کی تعمیرہے، حکومت سنبھالی تواندازہ نہیں تھا کتنی اسکالرشپس دی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت میں آئے تواسکالرشپس سےمتعلق شکایات موصول ہوئیں، طلبا نےکئی بارشکایت کی کہ ہمیں نظراندازکیاجارہاہے،طلبا کی شکایات پراسکالرشپس کا جدید نظام متعارف کرایا۔
اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا بنیادی مقصد اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو درپیش مسائل فوری حل کرنا ہے۔
مستحق اور ذہین طلبہ کی تعلیم پر حکومت اسکالرشپس کے لیے 28 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کر رہی ہے۔
اس وقت 26 لاکھ طلبہ بشمول 72 فیصد خواتین اسکالرشپ سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ان وسائل کے صحیح استعمال، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل مدد فراہم کرے گی۔
یہ پورٹل وزیراعظم سیٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگا اور وزیر اعظم آفس شکایات کے بروقت ازالے کی نگرانی کرے گا۔