ایک نیوز:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات ہوئی ہے،پاک سعودیہ وزرائے داخلہ کی ملاقات ریاض میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی ۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ کا سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا،شہزادہ عبدالعزیز اور محسن نقوی نے منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی، ملاقات میں انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وفد کے دیگر ارکان کا خیرمقدم کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ہر پاکستانی کا مذہبی عقیدت و احترام کا رشتہ ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب کی ویژنری قیادت اور عوام کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں، سعودی عرب کی بے پایاں سپورٹ پر دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ناصر الداؤد، وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر خالد الباطل، پبلک سیکورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی، ڈرگ کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد القرنی بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سمیت پاکستانی وفد میں ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفیٰ جمال قاضی اور وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری رفعت مختار راجہ شامل تھے۔