ایک نیوز : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے اتحاد نہ کرنے کااعلان کردیا ۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا ورکرز سے خطاب میں کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن امن، ترقی اور خوشحالی کے منشور پر لڑے گی۔ 8، 8 کنال پر بنے گورنر ہاؤسز اور کمشنر ہاؤسز کا خاتمہ کریں گے۔ فنانشل منیجمنٹ اور فنڈز یوٹلائزیشن کو ٹھیک کریں گے۔ تعلیم و صحت میں ایمرجنسی نافذ کریں گے۔ بھکاریوں کیلئے بحالی ٹریننگ سینٹرز بنائیں گے ۔
سراج الحق کاکہنا تھا کہ عوام کے پاس حقیقی تبدیلی کا پیغام لیکر جائیں گے۔ آئندہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن، نے ملک کو تباہ و برباد کر دیا۔ آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں کریں گے ۔
امیرجماعت اسلامی کامزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کیلئے 50 فیصد سے زائد امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر چکی ہے۔ اگر شفاف انتخابات کو یقینی نہ بنایا گیا تو الیکشن نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں ماحول نہ فراہم کیا گیا تو آئندہ حکومت نہیں چلے گی۔ اس وقت ایک لاڈلے اور سپر لاڈلے کیلئے ماحول بنایا جا رہا ہے ۔ شفاف انتخابات کیلئے عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کا غیر جانبدار ہونا ضروری ہے۔