ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے لاہور میں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کیلئے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں انسداد تجاوزات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سی سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس حکام اجلاس میں شریک تھے۔
پنجاب حکومت نے لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں انسداد تجاوزات کے آپریشن کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور ایس پیز کو متعلقہ علاقوں میں آپریشن کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہر میں رضا کارانہ طورپر تجاوزات ختم کرنے کیلئے 48گھنٹے کی مہلت ہے، منگل کی صبح سے باضابطہ آپریشن شروع ہوگا، انسداد تجاوزات مہم میں کوئی نرمی اور رعایت نہیں ہوگی، مہلت ختم ہونے پر لاہور میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ دور کرنے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے، بیشتر مقامات پر تجاوزات ہی ٹریفک جام کا باعث ہیں، شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے تجاوزات پر گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دے دیا۔