ایک نیوز: بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،حکومتی فیصلے کے پیشِ نظر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف موثر کارروائیوں کے ثمرات نظر آنے لگے ہیں۔ جن میں بقایاجات کی وصولیوں کے ساتھ گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بجلی چوری کے خلاف ملک گیر مہم کے 3 تا 10 دسمبر کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک ملک بھر سے 2.36 بلین روپے وصول اور 222 افراد گرفتار کئے جا چکے ہیں۔
3 تا 10 دسمبر کے دوران مجموعی طور پر اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 132 افراد گرفتار جبکہ 1.25 بلین روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔ حیدرآباد اور سکھر سے مجموعی طور پر 76 افراد گرفتار اور 0.36 بلین روپے وصول کئے گئے۔
مجموعی طور پر کوئٹہ اور گوادر سے 0.3 بلین روپے، پشاور اور نئے ضم شدہ اضلاع سے 0.5 بلین روپے کی وصولی کی جا چکی ہے اور پشاور سے 14 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔
اس مہم کے دوران یکم ستمبر سے 10 دسمبر تک 53.65 بلین روپے کی وصولی کی جا چکی ہے۔ متعلقہ ادارے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔