اسمبلیوں کی تحلیل، وزیراعظم شہبازشریف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

اسمبلیوں کی تحلیل، وزیراعظم شہبازشریف نے کل اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: اسمبلیوں کی تحلیل، وزیراعظم شہبازشریف نے کل اجلاس طلب کرلیا

ایک نیوز نیوز:قبل از انتخابات کی طرف جانا ہے یااسمبلیوں کی تحلیل روکنی ہے؟ عمران خان کے اعلان کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے چھٹی کے روز لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد  وزیراعظم نے کل(بروز اتوار)لاہور میں اہم اجلاس طلب کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے متعلق مشاورت ہوگی، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے سمیت دیگر آئینی و قانونی امور  زیر بحث آئیں گے۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سینیئر قیادت شریک ہوگی۔ وزیراعظم شہبازشریف، آصف زرداری، فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں سے بھی مشاورت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نواز شریف سمیت اہم اتحادیوں کی ورچوئل شرکت کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا۔لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی او خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کے ہمراہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم دو اسمبلیاں قربان کرتے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اگلے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑ دیں گے، قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے جاکر کہيں گے استعفے قبول کرو۔انہوں نے کہا کہ آج پرویز الہٰی اور محمود خان میرے ساتھ بیٹھے ہیں، آج بڑے اہم فیصلے کا اعلان کرنا ہے، جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے خوف ہے کہ ملک ڈوب جائے گا۔