عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،شہبازشریف  

Dec 17, 2022 | 20:06 PM

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کسی کی کوشش ہےکہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے تو ایسا نہیں ہوگا،نہ کرنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا بیان میں کہنا تھا کہ  عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے۔ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو، معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام میں یہی کرنےکی سازش کررہےہیں۔ آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی اب عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ  سیاسی شرپسند انتشارپھیلا کردنیاکو بتانا چاہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں، سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرست اور خودغرض ہیں۔جب ملک ترقی کرناشروع کرتا ہے تو فسادی لشکرکیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا کہ ایک ایجنڈےکےتحت معاشی تباہی کی گئی، پاکستان کے عوام کی حالت پر رحم کریں۔ پاکستان گزشتہ چار سال کی معاشی تباہی سے زہرناک مہنگائی کا شکار ہوا۔عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں، رکاوٹیں مت کھڑی کریں، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں